
پاکستان کیلئے عالمی سطح پرشاندار اعزاز۔ وزیراعظم عمران خان ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔
ورلڈ اکنامک فورم کا اہم ترین ہنگامی اجلاس کل طلب کرلیا گیا ہے،جس میں وزیراعظم فورم سے کلیدی خطاب بھی کریں گے، کرونا وائرس کے باعث وزیراعظم ویڈیو لنک کے ذریعے ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کریں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم کرونا کے مشکل وقت میں پاکستان کے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دینگے، کرونا کی صورتحال میں حکومت پاکستان کے ہنگامی اقدامات سے آگاہ کریں گے، جبکہ کرونا کے باعث لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والے مشکل حالات میں بھی پاکستانیوں کو امداد کیسے پہنچائی گئی۔
اس حوالے سے دنیا کو آگاہ کرینگے،وزیراعظم کمزور طبقے کو امدادی نقد رقم دینے ،عارضی ملازمتیں فراہم کرنے،ٹائیگر فورس کی کارکردگی پر بھی بات کرینگے۔ ٹائیگر فورس کے دس لاکھ رضاکاروں کے منصوبے کو دنیا کے سب سے بڑے فورم میں اٹھائیں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم درخت لگانے کے لئے مزید دولاکھ نوکریاں دینے کے منصوبے پر بات کریں گے۔ اور گرین نگہبان منصوبے کے تحت ساٹھ ہزار نوکریوں کے بارے میں بھی آگاہ کریں گے۔ لاک ڈاون کے بعد تعمیراتی صنعت کو ریلیف دینے پر بھی بات کریں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کرونا وبا کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے دنیا کو نئی تجاویز بھی دیں گے۔