Calf Rearing complete Guide in Urdu Language

1701
Calf Rearing. بچھڑوں کی نگہداشت
Calf Rearing or  بچھڑوں کی نگہداشت

کسی بھی ڈیری فارم کا مستقبل وہاں موجود،  مویشیوں اور ان کی اگلی نسل سے منسلک ہوتا ہے۔ لہذا بطور ڈیری فارمر ، اگر آپ بچھڑوں کی بہتر نگہداشت کرنا جانتے ہوں، تب ہی آپ کامیاب ہو سکتے ہیں۔ بچھڑوں کی اچھی دیکھ بھال کریں گے۔ تو مستقبل میں اچھے اور صحت مند جانور آپ کے ڈیری فارم کے منافع میں بہترین کردار ادا کریں گے۔
یعنی آج کی صحت مند بچھڑی،  کل کی زیادہ پیداوار والی گائے۔

بچھڑے کی پیدائش،  فوری ضروری اقدامات ۔

بچھڑے کی پیدائش کی جگہ کی صفائی کو یقینی بنائیں۔ پیدائش کے بعد، بچھڑے کا منہ اور نتھنے فورا صاف کریں۔ تاکہ اس کو سانس کا کوئی مسئلہ نہ پیدا ہو۔ کبھی کبھی نوزائیدہ بچھڑے ، زندگی کی علامات ظاہر نہیں کرتے۔ ایسی  صورت حال میں سانس بحال کرنے کیلئے،  اس کی پسلیوں پہ ہلکا سا دباؤ ڈالیں۔
Calf Rearing,  put pressure on calf’s ribs.

پیدائش کے بعد مطلوب دیگر ضروری اقدامات ۔

ناڑو کو پیٹ سے دو سے تین انچ دوری پہ، صاف دھاگے سے باندھ کر کاٹ دیں۔ اور ناڑو کو، ٹینکچر آئیوڈین کے محلوں میں ڈبوئیں۔ تا کہ تازہ زخم جراثیم سے پاک ہو جائے۔
بچھڑے کو پیدائش کے آدھے سے ایک گھنٹے کے بعد بوہلی (اس کی ماں کا دودھ) پلائیں۔
یاد رکھیں،  بروقت اور لگاتار دی جانے والی بوہلی سب کچھ ہے۔۔ بوہلی جلد سے جلد پلائیں۔ اور تازہ و مناسب مقدار میں دیں۔ اس سے بچھڑا صحت مند ہو گا۔ اس کی قوت مدافعت بڑھے گی۔ اور نشونما کا بہترین آغاز ہو گا۔
پیدائش کے 24 گھنٹے کے بعد، بچھڑے کو علیحدہ پنجرے میں منتقل کر دیں۔ پنجرے میں بچے کو شروع میں، فیڈر سے دودھ پلائیں۔۔ چند ہی ہفتوں بعد، بچھڑے برتن میں دودھ پینا سیکھ لیں گے ۔
اس مقصد کیلئے مارکیٹ میں،  دودھ کیلئے ملک ری پلیسرز بھی دستیاب ہیں ۔

جانوروں کی شناخت اور ان کے ٹیگ۔

بڑے ڈیری فارمز میں، جانور کی شناخت اور ریکارڈ کیلئے ہر جانور کو ایک مخصوص نمبر دیا جاتا ہے۔  اس سے بہت سے مراحل میں آسانی ہوتی ہے۔ یہ نمبر ٹیگ پہ لکھ کر جانور کے بائیں کان پہ اندرونی جانب لگا دیا جاتا ہے۔
یہ ٹیگ عموما پلاسٹک کا بنا ہوتا ہے،  جس پہ مشین کے ذریعے نام کندھا کیا جا سکتا ہے۔ لیکن آپ مارکر کے ذریعے بھی نام یا نمبر لکھ سکتے ہیں۔  تقریبا ایک ہفتے کی عمر کے بچھڑے کو ٹیگ لگائیں ۔

 

سینگ بنانا۔

ڈیری فارمنگ کے جدید طریقوں میں، ایک طریقہ یہ ہے کہ جانوروں کو باندھ کر نہ رکھا جائے۔ بلکہ کھلا چھوڑا جائے۔ تاکہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق،  خوراک اور پانی حاصل کرتے رہیں۔ اس سے ان کی نشونما پہ اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس خطرے کے پیش نظر کہ جانور اپنے سینگوں سے ایک دوسرے کو زخمی نہ کریں۔ جانوروں کے سینگ ختم کر دے جاتے ہیں۔۔ اس عمل کو “ڈی ہارننگ” یا سینگ بنانا کہتے ہیں۔ اس کو ڈی بڈنگ بھی کہا جاتا ہے۔
ایک ماہ کی عمر میں جانور کے سینگ بنوائیں۔ اس عمل میں متاثرہ جلد پہ جراثیم کش دوائی لگائیں۔

بچھڑوں کی رہائش

جیسا کہ پہلے بتایا گیا ہے۔ پیدائش کے 24 گھنٹے بعد بچھڑے کو علیحدہ پنجرے میں منتقل کر دیں۔ اور پنجروں کی ہر روز صفائی کریں۔ بچھڑوں کو کم از کم دو ماہ کی عمر تک پنجروں میں رکھیں۔ جس شیڈ میں پنجرے بنائے گئے ہوں۔ وہاں صفائی کے ساتھ ہوا کا بھی مناسب انتظام کریں۔ دو ماہ بعد بچھڑوں کو پنجروں سے نکال کر علیحدہ شیڈ میں رکھیں۔ اور وہاں کے فرش پر پرالی یا ریت ڈالیں۔

پنجرے میں رکھنے کے مقاصد ۔

  • بچھڑوں کو مٹی کھانے سے محفوظ رکھنا
  • انہیں صاف ستھرا ماحول مہیا کرنا
  • چیچڑوں سے بچانا
  • انہیں نشونما کیلئے متوازن خوراک دینا

انہیں ناڑو کے انفیکشن سے تحفظ فراہم کرنا، کیوں کہ یہ ایک جانور کے بیمار ہونے کی صورت میں اسے دوسرے بچھڑوں تک منتقل کرتی ہے۔

بچھڑوں کی غذائی ضروریات ۔

پیدائش سے ابتدائی دو ماہ تک ہر آٹھ گھنٹے تک بوہلی یا دودھ پلائیں۔ بچھڑے کو ماں کا دودھ اس کے وزن کا دسواں لیٹر پلائیں۔ مثال کے طور پہ،  اگر بچھڑے کا وزن 30 کلوگرام ہے۔ تو اسے تین لیٹر دودھ روزانہ کا دیں۔ یہ دودھ دن میں تین بار برابر مقداد میں بذریعہ فیڈر دیں۔
پیدائش کے 3 ،4 دن بعد بچھڑے کو صاف پانی مہیا کریں۔ مگر دودھ پلانے سے ایک گھنٹہ پہلے اور ایک گھنٹہ بعد اسے پانی نہ پلائیں۔ کیونکہ اس طرح اسے دست لگنے کا اندیشہ ہو سکتا ہے۔
پیدائش کے سات دن بعد ان کو دودھ کے علاوہ ونڈا اور قلیل مقدار میں نمکیات دینا شروع کر دیں۔

دو ماہ بعد ،بچھڑے کی غذائی ضروریات ۔

دو ماہ کی عمر پہ پہنچنے کے بعد بچھڑے کا دودھ چھڑوا دیں۔ لیکن پہلے اطمینان کر لیں کہ، بچھڑا روزانہ اپنی خوراک میں ،تقریبا آدھے سے ایک کلو تک ونڈا کھا رہا ہے۔ تیسرے مہینے سے اس بات کو یقینی بنائیں، کہ اس نے سبز چارہ کھانا شروع کر دیا ہے۔
شروع میں خشک برسیم یا لوسن اور ونڈا دیں۔ ایک سال سے بالغ ہونے تک، 25 سے 30 کلو سبز چارہ اور ایک سے دو کلو ونڈا کھلائیں۔

عمومی ہدایات ۔

بچھڑوں کو دو ماہ کی عمر سے، ویٹنری ڈاکٹر کی ہدایات کے مطابق حفاظتی ٹیکہ جات، مثلا، منہ کھر، گل گھوٹو اور کرم کش ادویات دینی شروع کر دیں۔

سمری۔

ایک مختصر نظر بچھڑوں کی نگہداشت کے تمام ضروری نکات پہ۔
  • بچھڑے کی پیدائش کے بعد کے ضروری اقدامات
  • اس کی غذائی ضروریات
  • بچھڑے کی رہائش کے مناسب انتظامات
  • اور ان کے ضروری حفاظتی ٹیکہ جات

اگر آپ نے مندرجہ بالا تمام اقدامات کو سامنے رکھ کر بچھڑوں کی بہتر نگہداشت کی۔ تو یہ بچھڑے آپ کے ڈیری فارم کا مستقبل بن کر آپ کے دودھ کی پیداوار میں منافع بخش اضافہ کریں گے۔ لہذا یہ معاملہ ہے، جانور کی بہتر نشونما اس کے تحفظ اور سب سے بڑھ کر آپ کی کاروباری کامیابی کا۔

-advertisement-